Slider 1 mini Slider 2 mini

Friday, September 2, 2011

کون سچا ہے ، کون جھوٹا ہے؟

Filled under:


فاضل جمیلی
صدر آصف علی زرداری کے یارِ غار ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے قرآن سر پر رکھ کر اپنی ہی حکومت کے وزیرداخلہ رحمن ملک کو پیدائشی جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کراچی میں جتنی قتل و غارت گری ہو رہی ہے اس کاذمہ دار ایک ہی شخص ہے اور وہ رحمن ملک ہے۔انہوں نے کراچی پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور متحدہ کے قائد الطاف حسین سے لندن میں ہونے والی ایک ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کے ٹکڑے کرنا چاہتا ہے اور متحدہ اس منصوبے میں اس کے ساتھ شامل ہے ۔ذوالفقار مرزا نے الزام عائد کیا کہ رحمن ملک متحدہ کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور متحدہ کے جتنے بھی جرائم پیشہ عناصر پکڑے جاتے ہیں ۔وہ جھوٹی کہانیاں گھڑ کے انہیں چھڑوا دیتے ہیں۔مرزا جی نے رحمن ملک دروغ گوئی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سیب کھا رہے ہوں اور آپ انہیں فون کریں تو کہیں گے میں کیلا کھا رہا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جو میڈل انہیں دیا گیا ہے وہ کراچی پولیس کو دیا جانا چاہیے تھا جس نے کراچی میں امن کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو اگر کوئی نقصان پہنچا تو رحمن ملک سے ہوگا ۔وہ ٹارگٹ کلرز کے ساتھی اور قاتلوں سے ملے ہوئے ہیں۔ذوالفقار مرزا نے سیاسی بندھن توڑنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی وزارت ، اسمبلی رکنیت اور پارٹی عہہدہ چھوڑدیا اور کہا کہ میرے اندر بھی ایک انسان ہے جو آج جاگ اٹھا ہے ۔آج سے میں اپنی زندگی کراچی اورحیدرآباد کے مظلوموں کے لیے وقف کرتا ہوں اور اعلان کرتا ہوں کہ کراچی میں خون کی ہولی روکنے کے لیے عملی جدوجہد کروں گا چاہے اس کے لیے میرا اپنا خون ہی کیوں نہ بہہ جائے ۔ذوالفقار مرزا کی پریس کانفرنس کے جواب میں رحمن ملک نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب میرے بھائی ہیں ۔جس پر مرزا جی کا کہنا تھا کہ میں ایسے بھائی پر لعنت بھیجتا ہوں ۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بھی ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے الزامات کی شدید مذمت کی ہے اور کہا کہ وہ خود دہشت گردوں کے سرپرست ہیں ۔صدر زرداری اور پیپلزپارٹی کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے ۔ذوالفقار مرزا کو یہ بھی بتانا چاہئے کہ مغویان کہاں سے برآمد ہوئے ۔ڈرگ ، لینڈ اور اسلحہ مافیا کے ساتھ مل کر کراچی میں فسادات کی آگ کون بھڑکاتا ہے۔ادھر وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ذوالفقار مرزا کے بیان کو ان کی ذاتی رائے قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی پالیسی نہیں ہے جبکہ امریکی سفارتخانے نے بھی نے ذوالفقار مرزا کے بیان پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے امریکا پر پاکستان توڑنے کا الزام سمجھ سے بالاتر ہے۔یقینی طور پر ذوالفقار مرزا کے بیان خود ان کے دوست صدرآصف علی زرداری کی سمجھ سے بھی بالاتر ہوں گے،جو مفاہمت کی پالیسی کے تحت تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ مرزا جی کے اس اقدام سے مفاہمت کی یہ پالیسی کب تک برقرار رہ پائے گی۔ مرزا اپنے سیاسی مستقبل کو کس انداز میں آگے بڑھائیں گے۔ سپریم کورٹ ان کے الزامات پر کیا کارروائی کر ے گا ۔ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ عوام ان کے بیان کی صداقت کو کس انداز میں جانچیں گے ۔ آخر کوئی سچا ہے اور کوئی تو جھوٹا ہو گا۔

Posted By asif8:40 AM

Friday, March 11, 2011

full latest pc games links feed

Filled under:

Posted By asif10:43 AM